گوجرخان میں دو رکنی نوسرباز گروہ نے مبینہ طور پر “ہیپناٹزم” کے ذریعے میاں بیوی کو تین تولے طلائی زیورات اور سوا دو لاکھ روپے نقدی سے محروم کر دیا، واقعے کا مقدمہ تھانہ گوجرخان میں درج کر لیا گیا۔ میلاد نگر وارڈ نمبر 07 گوجرخان کے رہائشی محمد عمران کے مطابق وہ چند روز قبل ایک نجی سیلون میں موجود تھے جہاں دو بزرگ افراد آئے اور کٹنگ کروائی، دورانِ گفتگو انہوں نے حاضرین کو اپنے مبینہ روحانی عمل سے متاثر کیا اور ان کے حالات بتائے جس سے متاثر ہو کر محمد عمران انہیں اپنے گھر لے آیا۔ گھر پہنچنے پر انہوں نے کوئی نامعلوم عمل کرتے ہوئے زیورات اور نقدی کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور دونوں چیزیں جائے نماز میں لپیٹ کر دو تین گھنٹے تک ہاتھ نہ لگانے کی ہدایت دی، تاہم بعدازاں معلوم نہیں ہوا کہ وہ کب زیورات اور رقم لے کر موقع سے روانہ ہو گئے۔ درخواست گزار کے مطابق اس نے دونوں افراد کو موٹر سائیکل پر جناح ہوٹل کے قریب بس اڈے تک چھوڑا جہاں سے وہ بس میں بیٹھ کر فرار ہو گئے، گھر واپس آ کر جب مقررہ وقت کے بعد جائے نماز دیکھی گئی تو زیورات اور نقدی غائب تھیں۔ محمد عمران کا کہنا ہے کہ نوسربازوں کی تصاویر اس کے پاس موجود ہیں، پولیس کارروائی کرے، جس پر تھانہ گوجرخان پولیس نے درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش اور تفتیش شروع کر دی ہے۔