گوجرخان شادی ہال میں ولیمہ کی تقریب کے دوران فائرنگ دو افراد جانبحق

گوجرخان دیرینہ دشمنی پر گوجرخان کے ایک میرج ہال میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 19 سال سے اشتہاری قرار دیا گیا ملزم محمد زرید چھٹہ جاں بحق ہو گیا جبکہ حملہ آور رحمان محمود بھی ہلاک ہو گیا، پولیس نے دوہرے قتل اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی ظہور احمد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ محمد زرید چھٹہ 2004 میں درج قتل کے مقدمے میں اشتہاری تھا اور چند روز قبل ہی عبوری ضمانت پر واپس آیا تھا، واقعہ کے روز گوجرخان میرج ہال میں رخصتی کی تقریب جاری تھی کہ رحمان محمود نے پیچھے سے آ کر محمد زرید پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، اس دوران رحمان کے بھائی محمد فیضان نے بھی فائرنگ کی اور فرار ہو گیا تاہم رحمان محمود خود بھی موقع پر مردہ حالت میں پایا گیا، پولیس نے واقعہ میں ملوث نامزد ملزمان محمد فیضان، نذیر احمد، فیصل محمود، امجد محمود اور اختر محمود کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، واقعہ کی اطلاع پر گوجرخان پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی جبکہ ایس ایس پی انویسٹیگیشن راجہ ناصر احمد خان نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اس موقع پر ایس پی صدر انعم شیر اور اے ایس پی گوجرخان سید دانیال حسن نے انہیں پولیس کارروائی اور پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔