گوجرخان: رابری کی واردات، شہری لوٹ لیا گیا

گوجرخان میں ڈاکوؤں کی واردات کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 2 مسلح نقاب پوش ڈاکوؤں نے شہری کو لوٹ لیا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے یا علی مدد چوک کے قریب جھنگی تاجو کا رہائشی محمد لقمان صندل روڈ سے گھر واپس آرہا تھا کہ اچانک 2 نقاب پوش ڈاکوؤں نے اسے اسلحہ کے زور پر روک لیا اور اس پر کوئی سپرے کرکے اسے بے بس کردیا۔

ڈاکوؤں نے اس سے ایک لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی ہنڈا 125 موٹر سائیکل، 70 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اور 5 ہزار روپے نقدی چھین لی اور فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق گوجرخان پولیس نے محمد لقمان کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔