127

گوجرخان‘تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن15ویں روز بھی جاری

گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) گوجرخان میں تاریخ بدل گئی، مسلسل 15ویں روز تجاوزات کے خاتمے کیلیے آپریشن جاری رہا، اسسٹنٹ کمشنر غلام عباس کی آپریشن کی خود نگرانی، چیف آفیسر بلدیہ ملازمین کے ہمراہ متحرک رہے، پولیس بھی موجود رہی، تفصیلات کے مطابق گوجرخان کی تاریخ میں پہلی بار تجاوزات کیخلاف آپریشن دو ہفتوں سے جاری ہے، چیف آفیسر بلدیہ گوجرخان کی زیرنگرانی اینٹی انکروچمنٹ کمیٹی نے تجاوزات کے خاتمے کیلیے کلین اپ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے جس کی براہ راست نگرانی اسسٹنٹ کمشنر مہر غلام عباس ہرل کر رہے ہیں، گزشتہ روز کٹڑا لکڑی، حلوائی گلی، باڑہ مارکیٹ، ہاسٹل والی گلی اور حیاتسر روڈ پر قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا، بازاروں کے رستوں میں موجود تجاوزات ہٹا دیں اور متعدد دکانوں کا سامان ضبط کر کے بلدیہ دفتر پہنچا دیا گیا، پختہ تھڑوں کو توڑ دیا گیا، جبکہ دیواروں کیساتھ لگائے خود ساختہ لکڑی کے ریک بھی بلدیہ ملازمین نے توڑ دیئے، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان مہر غلام عباس ہرل تجاوزات کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جس سے شہری حلقوں اور خریداری کیلیے شہر کا رُخ کرنے والی خواتین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، بازار کُھلے کُھلے دیکھ کر مرد و خواتین اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر کو دعائیں دیتے ہیں، چیف آفیسر بلدیہ چوہدری تنویر گجر کا کہنا ہے کہ تجاوزات کنندگان کو بار بار وارننگ دی گئی کہ شہریوں کیلیے مشکلات پیدا نہ کریں لیکن اس وارننگ کا کوئی اثر نہیں ہوا، دکاندار از خود تجاوزات ختم کر دیں بصورت دیگر سخت ایکشن ہو گا، بھاری جرمانے اور سامان ضبط ہو گا، راستہ شاہراہ عام کو بلاک کرنے کی صورت میں مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں