راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)ائیرپورٹ کے علاقہ گلزار قائد میں 10 سالہ بچے ثناء اللہ کے قتل کا واقعہ،ائیرپورٹ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم کاشف کو حراست میں لے لیا ہے،نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل، پوسٹ مارٹم رپورٹ سے وجہ موت اور زیادتی کا تعین ہو سکے گا،واقعہ کا مقدمہ مقتول ثناء اللہ کی والدہ کی مدعیت میں درج۔تفصیلات کے مطابق بچے کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ گزشتہ رات پولیس کو کی گئی جس پر پولیس نے CCTV فوٹیجز کی مدد سے ملزم کاشف کو شناخت کیا اور ٹریس کر کے حراست میں لے لیا،ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں بچے کو اس کے گھر سے لے جانے اور قتل کرنے کا انکشاف کیا اور بتایا کہ بچے کی نعش ریلوے ٹریک کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے خاندانی تنازعہ کی وجہ سے معصوم ثناء اللہ کو قتل کیا،ایس پی پوٹھوہا ر نے کہاکہ معصوم بچے کے سفاکانہ قتل کی واردات افسوسناک ہے، گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی،سی پی اومحمد احسن یونس کا کہناتھاکہ بچوں پر تشدد یا انکے قتل جیسے جرائم ناقابل برداشت ہیں، ملزم کو قرارواقعی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
432