گوجرخان کے علاقہ سوار محمد حسین شہید اسپورٹس اسٹیڈیم کے سامنے جی ٹی روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار سوزوکی کیری بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کے فوری بعد مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال گوجرخان منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور بعض کو مزید بہتر علاج کے لیے راولپنڈی ریفر کیے جانے کا امکان ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک بحال کر دی اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی عوام نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور جی ٹی روڈ پر ہیوی ٹریفک کی نگرانی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔