کہوٹہ: چھنی بازار میں ڈکیتی کی واردات ناکام، دو ملزمان گرفتار

کہوٹہ کے علاقے چھنی بازار میں معروف تاجر نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق نجی بیکری کے مالک اور معروف تاجر ملک رضوان گزشتہ رات تقریباً گیارہ بجے گھر جا رہے تھے کہ تین مسلح ڈکیتوں نے انہیں راستے میں روک لیا۔ڈکیتوں کی جانب سے مزاحمت پر ملک رضوان اور ملزمان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس کے دوران ملک رضوان معمولی زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کہوٹہ کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
اس حوالے سے معروف تاجر ملک لقمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈکیتوں کا تعلق کہوٹہ سے ہے اور تینوں مقامی باشندے ہیں۔ انہوں نے پولیس تھانہ کہوٹہ کے فوری رسپانس اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر دو ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی واردات ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔