کہوٹہ (نمائندہ پنڈی پوسٹ)تھانہ کہوٹہ کے علاقے ڈولیاں کے رہائشی قیصر زمان ولد محمد بشیر نے 15 لاکھ روپے کی چوری کی جھوٹی اطلاع 15 پر دی، جس پر فوری طور پر پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ قیصر زمان نے پولیس کو بتایا کہ اس کے 15 لاکھ روپے چوری ہو گئے ہیں، جس پر اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہد محمود فوری طور پر پولیس نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔
جب پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کیں تو معلوم ہوا کہ قیصر زمان کی شکایت جھوٹی تھی۔ حقیقت میں، معاملہ دو فریقین کے درمیان دکان کے تنازعہ کا تھا، جس کے نتیجے میں لڑائی اور جھگڑا ہوا تھا، مگر چوری کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر دونوں فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے اور تمام تفصیلات جانچیں۔اس کے بعد پولیس نے قیصر زمان کو جھوٹی کال کرنے پر گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ کہوٹہ میں مقدمہ درج کر لیا۔