کہوٹہ میں تجاوزات و غیرقانونی پارکنگ کا مسئلہ انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گیا

کہوٹہ شہر میں ٹریفک کا مسئلہ روز بروز سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ خاص طور پر مچھلی چوک سے کنگ بیکرز تک کے علاقے میں دونوں اطراف گاڑیاں کھڑی کرنے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ یہ مرکزی شاہراہ شہر کی تجارتی اور عوامی نقل و حرکت کی سب سے مصروف گزرگاہ ہے لیکن بدقسمتی سے گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ نے اسے ایک مستقل ٹریفک جام میں بدل کر رکھ دیا ہے۔

اس مسئلے کی وجہ سے نہ صرف عام شہری سخت پریشانی کا شکار ہیں بلکہ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کو بھی گزرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ اسکول جانے والے بچے، دفتر جانے والے ملازمین اور عام خریدار سب ہی اس بدنظمی سے متاثر ہوتے ہیں۔

انتظامیہ کو چاہیے کہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لے، پارکنگ کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ سڑکوں کو ذاتی پارکنگ ایریا بنانے کے بجائے قوانین کی پاسداری کریں تاکہ کہوٹہ کی سڑکیں کھلی اور ٹریفک رواں دواں رہے۔