کہوٹہ اور کلرسیداں کے سرحدی علاقہ میں تیندوے کی موجودگی پر خوف و ہراس

راجہ غلام قنبر (کلرسیداں)
تحصیل کلرسیداں اور کہوٹہ کے سرحدی علاقہ سلطان خیل کے جنگلات میں تیندوا موجود۔ ایک بچھڑی پر حملہ، چرواہوں کے شور مچانے پر تیندوا بھاگ گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کے ٹیمیں علاقہ میں موجود۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کلرسیداں کے شرقی کے حصہ کے گاؤں سلطان خیل کے جنگل میں تیندوے کی موجودگی ثابت ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز جنگل میں چرتے جانوروں پر تیندوے نے حملہ کیا۔ جانوروں کی رکھوالی کرنیوالے افراد کے بروقت شوروغل مچانے پر تیندوا بھاگ گیا۔

علاقہ کے رہائشی ٹھاکر نامی شخص کی بچھڑی اس حملہ میں معمولی زخمی ہوئی۔ خطرناک تیندوے کی اطلاع پر جنگلی حیات تحصیل کلرسیداں و کہوٹہ کے انسپکٹر چوہدری طلعت محمود ہمراہ ٹیم علاقہ میں پہنچ گئے۔ اس موقعہ پر انہوں نے زخمی بچھڑی کا معائنہ کیا اور تیندوے کی موجودگی آثار کو نوٹ کیا۔ چوہدری طلعت محمود کے مطابق عمومی طور پر تیندوا اپنے سے بڑے جسم کے مالک انسان یا حیوان پرلئے حملہ نہیں کرتا۔ ایسے میں بالخصوص بچوں کو اکیلے باہر نہ جانے دیں۔ اسکول اوقات میں بچوں کی آمد و رفت کے وقت بڑے افراد بچوں کے ہمراہ ہوں۔ جبکہ مویشی پال حضرات اپنے باڑوں وغیرہ کے دروازے وغیرہ احتیاط سے مضبوطی کیساتھ بند کریں۔

چوہدری طلعت محمود نے مزید کہا کہ ہم حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جلد ہی اس تیندوے کو انسانی آبادیوں سے گھنے جنگل کیطرف بھیج دیں گے۔ چوہدری طلعت محمود کے مطابق مری ، کوٹلی ستیاں کی علاقوں میں تیندوے موجود ہیں جبکہ تحصیل کہوٹہ میں بھی تیندوے موجود ہیں ۔ کلرسیداں میں تیندوے کی موجودگی جنگلی گاجر بوٹی کی بہتات کیوجہ سے ہوئی ہے۔ کیونکہ گاجر بوٹی کیوجہ سے جنگل میں گھنا پن آنے کیوجہ سے تیندوے کہوٹہ اور کلرسیداں کی حدود میں داخل ہورہے ہیں۔ تیندوے کی موجودگی سے سے تاحال کوئی انسانی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ہے۔انسپکٹر جنگلی حیات چوہدری طلعت محمود کے ہمراہ سہیل مظفر اور عدنان سفیر بھی بطور وائلڈ لائف رینجر موجود تھے