کھوئی رٹہ (نمائندہ خصوصی) کھوئی رٹہ میں 7 سالہ بچی تسمیہ کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے کے خلاف شہریوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ مظاہرین نے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے اور دکانیں بھی بند کرا دیں۔ مشتعل ہجوم نے تھانہ کھوئی رٹہ پر دھاوا بول دیا، جس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ ایس ایچ او راجہ صداقت حسین سمیت کئی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ مشتعل مظاہرین نے تھانے پر حملہ کیا جس کے باعث صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔ حالات کشیدہ ہیں اور علاقے میں سخت تناؤ پایا جا رہا ہے۔