کمر توڑ مہنگائی ،عوام کی چیخیں نکل گئیں

رمضان المبارک کی آمد کیساتھ ہی ہمارے ملک میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکل آتا ہے تاہم اس بار مہنگائی نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں ماہرینِ اقتصادیات کے بقول ملک کو معاشی، سیاسی اور انتظامی چیلنجز درپیش ہیں جسکی بدولت اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک غریب آدمی کیلئے رمضان میں سحری اور افطاری میں مشکلات کا سامنا ہے سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ گو ملک کی مخدوش معاشی حالات بھی مہنگائی کی اہم وجہ ہے تاہم ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خور بھی اس ماہ مبارکہ میں خاصے متحرک ہو جاتے ہیں اور انہیں کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی خاص اور دوررس اقدامات بھی نہیں کئے جاتے بلکہ عوام کو ان کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے جسکے نتیجے وہ اپنے من پسند ریٹ وصول کرتے ہیں جسکے نتیجے میں خود ساختہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ مقامی انتظامیہ ان ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دیتی ہے رمضان سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے سستا آٹا سکیم میں 10 کلو کا تھیلا 648 روپے میں مہیا کیا جاتا رہا اور اس حوالہ سے کلرسیداں میں مختلف مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی گاڑی موجود ہوتی تھی تاہم رمضان شروع ہوتے ہی 10کلو تھیلے کے نرخ دگنے کر کے تقریبا 1200روپے کر دئیے گئے بعض دور اندیشوں نے معقول مقدار میں آٹے کے تھیلے خرید کر گھر میں سٹاک کر لیے تھے، رمضان المبارک میں مفت آٹا سکیم کے تحت فی خاندان 3 مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے پنجاب اس سکیم کے تحت پنجاب میں پورا رمضان المبارک میں اسکی تقسم کا عمل جاری رہے گی تاہم مناسب انتظامات نہ ہونے کی بنا پر عوام کا زیادہ رش ہونے سے آٹے کی تقسیم میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس حوالے سے کلرسیداں میں کے گراؤنڈ میں مفت آٹے کی تقسیم کا پوائنٹ قائم کیا گیا ہے جہاں پوری تحصیل کی عوام اگھٹی ہوتی ہے اور رش بڑھ جاتا ہے بہتر تو یہ ہوتا کہ تحصیل کی ہر یونین کونسل کی سطح پر مفت آٹے کی تقسیم کے پوائنٹ قائم کئے جاتے تاکہ عوام اور بالخصوص خواتین کو آٹے کے حصول میں آسانی رہتی نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب حکومت مفت آٹے کی فراہمی پر 53 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، رمضان مفت آٹا سکیم کے تحت عوام میں 4 کروڑ 70 لاکھ آٹے کے مفت تھیلے تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 60 ہزار سے کم آمدن والے ہر خاندان کو مفت آٹے کے تین تھیلے دئیے جا رہے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ افراد بھی مفت آٹے کے 3 تھیلے لینے کے اہل ہیں،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ ہر جمعہ کو پنجاب کے آٹا ڈسٹری بیوشن سینٹرز بند رہیں گے گو رمضان المبارک میں پنجاب حکومت کی جانب سے مفت آٹے کی تقسیم ایک احسن اقدام ہے تاہم تقسیم کے دوران سینٹرز میں بدنظمی اور دھکم پیل کے واقعات بھی دیکھنے کو ملتے ہیں اگر یونین کونسل کی سطح پر مفت آٹے کی تقسیم کو یقینی بنایا جاتا تو نہ صرف عوام کو سہولت ہوتی بلکہ رش بھی کم ہوتا تاہم اب پنجاب حکومت مقررہ سینٹرز پر اضافی پولیس نفری تعینات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ تقسیم کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے مفت آٹے کی تقسیم ایک اچھا اقدام ہے مگر روٹی کیساتھ دیگر اشیائے خورد و نوش بھی روزانہ عوام کی ضروریات میں شامل ہیں حکومت کو چاہیے کہ دیگر اشیاء کی قیمتیں اعتدال پر لانے کیلئے موٹر اقدامات اٹھانے رمضان کی آمد کیساتھ ہی ناجائز منافع خور بھی میدان میں اتر آتے ہیں اور بازاروں میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں دوسری طرف متحدہ عرب امارات میں رمضان شروع ہوتے ہی 10 ہزار سے زائد اشیاء پر 75 فیصد تک رعایت کا اعلان کیا جاتا ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں رمضان المبارک کی آمد پر اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کردی جاتی ہیں مگر ہمارے حکمران اس موقع پر 10روپے کی سبسڈی کا اعلان کرکے ٹی وی اور اخبارات میں اس کی تشہیر کرتے نہیں تھکتے صاحب اقتدار اور تاجر برادری سے اپیل ہے کہ وہ کم از کم اس بابرکت مہینے کا احساس کریں اور ملک کی غریب عوام کو اشیائے خوردونوش میں خاطر خواہ ریلیف مہیا کریں، بد قسمتی سے حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے جاتے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی خاص پلاننگ کی جاتی ہے جسکی بنا پر آج غریب عوام شدید زہنی و معاشی پریشانی میں مبتلا ہیں،تاہم ہمارے ملک میں ایسے مخیر حضرات کی کوئی کمی نہیں جو اس بابرکت مہینے میں غربا ومساکین کی مالی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اگر صاحب ثروت طبقات اپنے حلال مال سے محض اس ماہِ مبارک میں کمزور اور مستحق گھرانوں کے اخراجات اپنے زمہ لے لیں تو نہ صرف وہ اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ بندوں میں شمار ہونگے بلکہ انہیں دنیا و آخرت میں بھی کامیابی نصیب ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں