کلر سیداں میں ٹھیکیدار کامران اختر پر فراڈ، سود خوری اور ہراسانی کے الزامات

کلر سیداں (حماد چوہدری) سروہا چودھریاں کے رہائشی ٹھیکیدار کامران اختر پر شہریوں نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ڈیڑھ سال قبل ایک مقامی شخص سے رقم وصول کرنے کے باوجود نہ معاہدہ مکمل کیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ متاثرہ شخص کے مطابق رقم کی واپسی کے مطالبے پر ملزم نے مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا۔شہری نے الزام لگایا کہ کامران اختر مبینہ طور پر سود خوری اور فراڈ کے کاروبار میں ملوث ہیں اور مقامی تھانہ کلر سیداں کے چند بااثر افراد کے ساتھ مل کر لوگوں کو ہراساں اور بلیک میل کرتے ہیں۔ مزید کہا گیا کہ وہ جھوٹی درخواستیں دے کر شہریوں کی عزتِ نفس مجروح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے حال ہی میں تھانہ کلر سیداں میں ایک جھوٹی درخواست بھی دائر کی، جس پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی 15 اگست 2025 کو طلبی کا حکم دیا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کے خلاف شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں، جبکہ شہریوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی قسم کے مالی یا کاروباری معاملات میں کامران اختر کے ساتھ لین دین سے گریز کریں۔