کلر سیداں‘یوم آزادی کے سلسلہ میں تحصیل سطح کی تقریب کا انعقاد


کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)یومِ آزادی کے سلسلہ میں تحصیل سطح کی خوبصورت تقریب گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول کلرسیداں میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایم پی اے راجہ صغیر احمد تھے جنہوں نے پرچم کشائی کی اور سکول میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ یومِ آزادی کی اس پروقار تقریب میں طلباء و طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلو شو پیش کیے۔ تقریب سے راجہ صغیر احمد، ڈپٹی ڈی او داؤد اختر کیانی، ہیڈماسٹر سید صدام حسین شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔ ایم پی اے راجہ صغیر احمد نے اس موقع پر گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول کلرسیداں کیلئے چھ کلاس رومز پر مشتمل نیا بلاک تعمیر کرانے کا اعلان کیا۔دریں اثناء پوسٹ آفس کلر سیداں میں بھی یوم آزادی کے سلسلہ میں رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ مری کہوٹہ ڈویژن محمد نواز کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وطن عزیز کی نیک نامی اور اس کی تعمیر و ترقی کیلئے انتہائی محنت اور دیانت داری کیساتھ کام کریں گے۔اس موقع پر ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا بھی وقت ہے کہ جن کی قربانیوں سے تحریک پاکستان میں جان پڑی اور دنیا کے اس وقت کی سپر پاور مجبور ہو گئی کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں چلنے والی اس تحریک کو مانیں اور اس خطے میں پاکستان کے وجود کو قائم کریں۔پاکستان بلاشبہ ایک جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں قائم ہوا تھا اور انشاء اللہ آخری دم تک قائم و دائم رہے گا۔پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے سابق صدر راجہ ساجد جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے علامہ اقبال کے افکار کے مطابق سیاسی جدوجہد کے بعد یہ ملک حاصل کیا۔ہم نے ملک کو ایک فلاحی ریاست کیساتھ ساتھ گرین پاکستان بنانا ہے۔میں نے اپنے گاؤں میں 17 سو سے زائد پودے لگائے ہیں۔ملک اور اس کی معیشت کو بچانے کیلئے ہم سب کو اپنے اپنے حصے کا پودا لگانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں بہت کچھ کہنا چاہتا ہوں اور بہت کچھ دل میں ہے مگر پابندیاں اڑے آتی ہیں۔اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمد نواز کھوکھر کی جانب سے پوسٹ آفس کے احاطہ میں پچاس کے قریب پودے بھی لگائے۔پوسٹ آفس کلر سیداں رضا حسین اور عابد حسین جنجوعہ بھی موجود تھے۔یوم آزاد کے سلسلہ میں کلر سیداں بار ایسوسی ایشن میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔صدر بار ایسوسی ایشن چوہدری عرفان احمد،جنرل سیکرٹری بانو جہانگیر راجہ اور دیگر معزز وکلاء نے پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لیا اورآزادی کیک کاٹا۔دریں اثناء تحصیل کلر سیداں کی یوسی بشندوٹ،گف،غزن آباد، کنوہا اور دیگر یونین کونسلوں میں بھی یوم آزادی کے حوالے سے بلدیاتی نمائندوں کے زیر انتظام پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہوئیں اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی گئیں


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

اپنا تبصرہ بھیجیں