بار ایسوسی ایشن کلر سیداں نے محکمہ مال اور اسسٹنٹ کمشنر کے توہین آمیز رویے، بدانتظامی، رشوت ستانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی۔ وکلاء نے عدالتوں اور محکمہ مال میں پیش نہ ہو کر اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
صدر بار ایسوسی ایشن سید وقاص حیدر اور سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کلرسیداں راجہ سمیر حسن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کا وکلاء اور سائلین کے ساتھ رویہ نہایت غیر شائستہ اور ناروا ہے،محکمہ مال میں روزمرہ کام 12 بجے کے بعد شروع کرنا عام شہریوں کے ساتھ سنگین زیادتی کے مترادف ہے۔ اسی طرح انتقالات اور دیگر معاملات میں رشوت، لوٹ مار اور ناانصافی معمول بن چکی ہے، جس کے خلاف عوامی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بار ایسوسی ایشن نے گزشتہ ماہ بھی انہی سنگین بے ضابطگیوں کے خلاف ہڑتال کی تھی اور وزیر اعلیٰ سمیت اعلیٰ انتظامی افسران کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا، لیکن تاحال کسی قسم کی اصلاحی کارروائی سامنے نہ آسکی۔
وکلا نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج مزید سخت کیا جائے گا، بھوک ہڑتال کی جائے گی اور اے سی و تحصیلدار آفس کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔