کلرسیداں (نامہ نگار) – تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال (THQ) کلرسیداں میں 26 اپریل بروز ہفتہ معذور افراد کے لیے ایک خصوصی میڈیکل بورڈ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل پینل معذور افراد کا تفصیلی معائنہ کرے گا۔ معائنے کے بعد اہل افراد کو سرکاری معذوری سرٹیفیکیٹس جاری کیے جائیں گے۔
ایم ایس THQ کلرسیداں کے مطابق یہ اقدام معذور افراد کو سرکاری سطح پر سہولیات فراہم کرنے اور ان کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام افراد جن کے معذوری سرٹیفیکیٹس تاحال نہیں بنے، وہ مقررہ تاریخ پر ہسپتال تشریف لائیں تاکہ ان کا معائنہ کیا جا سکے اور ضروری دستاویزات کی فراہمی کے بعد سرٹیفیکیٹس جاری کیے جا سکیں۔
میڈیکل بورڈ صبح 9 بجے سے اپنے کام کا آغاز کرے گا اور تمام متعلقہ افراد کو وقت پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایم ایس نے مزید کہا کہ معذور افراد کی سہولت کے لیے عملہ مکمل تعاون فراہم کرے گا تاکہ کسی کو کوئی دشواری نہ ہو۔
یاد رہے کہ معذوری سرٹیفیکیٹ کی بنیاد پر افراد کو مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں سے خصوصی سہولیات، نوکریوں میں کوٹہ اور مالی امداد جیسی مراعات حاصل ہوتی ہیں۔