کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں میں پی ٹی آئی دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی اور ایم سی کلر سیداں اور شرقی یونین کونسلز کے پی ٹی آئی ارکان نے فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم اور مسلم لیگ (ن) کے ورکروں کو نوازنے پر ایم پی اے اور ایم این اے کیخلاف اپنا ایک الگ گروپ بنا لیا ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز کلر سیداں میں منعقدہ ایک تقریب میں پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے سابق صدر راجہ ساجد جاوید نے منتخب اور تنظیمی قیادت کی طرف سے پی ٹی آئی کے ورکروں کیساتھ غیر مناسب رویے اور انتظامی معاملات میں کرپشن،بد انتظامی، اداروں کی خود سری، ڈرگ مافیا اور لینڈ مافیا کی کارروائیوں سے صرف نظر کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والوں نے موجودہ حکومت سے فنڈز لے کر دوسری جماعتوں کے آکابرین کو نوازنا شروع کر دیا اور پی ٹی آئی کے ورکرز کو ہر سطح پر نظر انداز کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نظریے کے برعکس کرپشن،مہنگائی،منشیات فروشی،بے راہ روی،بدانتظامی،رشوت خوری کے خاتمے کی بجائے مسلم لیگ (ن) کی طرز پر مافیاز بنا کر ان کو عوام پر مسلط کر دیا گیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر ایم پی اے راجہ صغیر احمد اور ایم این اے صداقت عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور پی ٹی آئی کے حقیقی ورکرز پر ہونے والے ظلم پر اگر اسی طرح چپ سادھے رکھی تو وہ ورکرزجنہوں نے نون لیگ سے ٹکر لی تھی وہ پارٹی کے اندر موجود پیرا شوٹرز اور عمران خان کے ویژن کو رد کرنے والے عہدیداران اور منتخب نمائندوں کیخلاف آواز اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔انہوں نے ایم پی اے راجہ صغیر احمد کو مشورہ دیا کہ وہ جس منشور پر عمل کرنے کا وعدہ کر کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے اس کی پاسداری کو یقینی بنائیں وگرنہ عوام ان کیخلاف آواز بلند کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ایم سی کلر سیداں کے نائب صدر سید سجاد حسین شاہ، اتحاد بین المذائب کمیٹی کے انچارج شیخ فیاض،عاصم مغل،حکیم مشتاق،توصیف بھٹی،علی اصغر بھٹی،راجہ اظہر سمیت پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں اور ایم سی کلر سیداں کی تمام یونین کونسلوں کے ورکرز موجود تھے۔