کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور ممکنہ جانی نقصانات سے بچاؤ کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ نے ندی نالوں میں نہانے اور مچھلیاں پکڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس ضمن میں دفعہ 144 کے تحت باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کسی بھی شہری کو ندی نالوں میں داخل ہونے، نہانے یا مچھلیاں پکڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے تاکہ انسانی جانوں کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔