کلرسیداں تجاوزات سے ٹریفک مسائل میں اضافہ

ثاقب شبیر شانی‘ نمائندہ پنڈی پوسٹ
کلر سیداں شہر تجاوزات کی زد میں ہے اور شدید ٹریفک مسائل کا شکار ہے جزوی طور پر اطراف میں تجاوزات کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں لیکن شہر کے وسطی بازاروں اور مرکزی شاہراہ کی جانب تاحال حکام کی توجہ ہے نہ ہی کوئی قابل عمل حکمت عملی، بلا شبہ تجارتی حلقہ معیشت کے اعتبار سے اہم ترین حلقہ ہے مگر کچھ حقوق عام عوام کے بھی ہیں، پی ٹی آئی ٹریڈرز ونگ اور مشیر ٹرانسپورٹ کو ان مسائل کے تدارک کے لئے انتظامیہ ، تاجر وں، ٹرانسپورٹروں اور کلر کے شہریوں کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ بلخصوص ٹریفک مسائل کے حل کے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، ٹریفک حکام، ون وے، ریڈ زون، مساوی پارکنگ ممنوع، موٹر سائیکلوں کے لئے ییلو لائن پارکنگ جیسے اقدامات کی بات تو ماضی میں بھی کرتے رہے ہیں تاہم ان پرباتوں اور تشہیری مہمات ہی سر کی جاتی رہی ہیں ضرورت عملی اور قابل عمل اقدامات کی ہے۔بلدیہ کلر سیداں میں مذبح خانہ کی تعمیر تعطل کا شکار ہے کافی حد تک اسکا تعمیراتی کام ہو چکا ہے تاہم ابھی بہت ساکام باقی ہے، مذبح خانہ کی غیر موجودگی میں قصاب کی دوکانوں پر حفظان صحت کے معیار پر پورا نہ اترنے والے گوشت فروخت فطری ہے، مشیر پبلک ہیلتھ کو اس جانب بھی توجہ دینی چا ہیے نہ صرف مذبح خانہ کی تعمیر مکمل کروانے میں بلکہ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کلر سیداں کی قصاب برادری کے تحفظات کو دور کرنے میں بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، گزشتہ دنوں کلر سیداں میں پتنگ بازی کے باعث ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے ایک بچہ جان سے گیامگر دھاتی ڈوروں سے اڑائی جانے والی پتنگیں ہنوز آسمان پر ڈولتی اور لہراتی نظر آتی ہیں پابندی اور ناخوشگوار واقعات کے باوجود ایسا ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ضرور لگاتی ہے۔ خوشی کا بھرپور اظہار ہماری ثقافت کا حصہ ہے اسی لئے ہمارے ہاں شادی بیاہ کے موقع پر ڈھول ڈھمکے کے ساتھ آتشبازی بھی خوب کی جاتی ہے، ضرور خوشی کا اظہار ہونا چا ہیے مگر مہذب طریقے سے دوسروں کو شب بیداری کی اذیت میں مبتلاء نہ کیا جائے تو بھی تقریب شادی خانہ آبادی مکمل ہو ہی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں