*کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ ہیں اور رہیں گے: وزیراعظم

راولپنڈی (نامہ نگار سید قاسم) وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مذاکرتی عمل کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سازشیں اور افواہیں آخر کار دم توڑ گئیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا سازشیں اور افواہیں آخرکار دم توڑ گئیں، تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوامی مفاد اور امن ترجیح ہے، آزاد کشمیر کی خدمت کرتے رہیں گے، کشمیری بھائیوں سےگزارش ہے کہ افواہوں پر کان دھرنے سےگریز کریں، پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔

یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج پر وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین سے مذاکرات کے کئی سیشن کیے اور بالآخر رات گئے فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ طے پایا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے عوامی ایکشن کمیٹی سے طے پانے والے مذاکرات کو آزاد کشمیر، پاکستان اور جمہوریت کی فتح قرار دیا جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے معاملات کے حل کے لیے خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے جسے ہم نے بہترین طریقے سے حل کیا، کسی دوسرے ملک کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔