کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)عثمانیہ کرکٹ کلب کنوہا نے مک کرکٹ کلب کلر سیداں کو ہرا کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔اختتام تقریب میں ضلعی صدر پیپلز سپورٹس ونگ راولپنڈی چوہدری محمد رضوان کلیال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے،کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نہ صرف ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں بلکہ نوجوانوں کی منفی سرگرمیوں میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک میں کھیلوں کی ترقی پر بھر پور توجہ دینی چاہئے۔کھلاڑی ہمارا قومی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا حکومت کا فرض ہے۔کھیلوں کے شعبے کی قومی ترجیحات میں کمی سے نہ صرف ہماری کامیابیوں کا سفر رک گیا ہے بلکہ ملک میں منفی رجحانات نے بھی فروغ پایا ہے۔نوجوانوں کی توجہ مثبت سرگرمیوں کی طرف مبذول کروا کر ہی ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے کیونکہ یہ کھیل ہی ہیں جو افراد و معاشرے میں نظم و ضبط،ٹیم ورک کا جذبہ اور صحت مندانہ خیالات پیدا کر کے انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں مقامی طور پر 26ٹیموں نے شرکت کی۔پی ٹی آئی کے رہنما رضی جاوید،کونسلر راجہ ناہید،راجہ اظہر اقبال،لیگی رہنما راجہ ظفراقبال ظفری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔