گوجرخان (عبدالستارنیازی‘ نمائندہ پنڈی پوسٹ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا گوجرخان میں ریونیو کھلی کچہری اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ، شہریوں کے مسائل سُنے، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ہونے والی ماہوار ریونیو کھلی کچہری کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان غلام سرور اور محکمہ مال کے افسران و اہلکاران بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے مسائل سُنے، ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان کا کہنا تھا کہ ریونیو کھلی کچہری کا مقصد عوام کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے، بعد ازاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان کا بھی دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، لیب اور میڈیسن سٹور کو چیک کیا اور ہسپتال میں آئے مریضوں سے ہسپتال عملہ ڈاکٹرز کے رویے اور علاج معالجہ کی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔