راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان کے علاقہ موضع کریالہ کے ڈاکخانے کا کلرک بجلی کے ماہانہ بلوں کی لاکھوں روپے کی رقم ڈکار کر روپوش،کریالہ سمیت ملحقہ دیہاتوں کے متعدد صارفین بجلی کو کریالہ ڈاکخانہ والوں نے مبینہ طور پر لاکھوں روپے کا چونا لگا دیا،تفصیلات کے مطابق ماہ اکتوبر 2024ء کے بجلی کے بل جو اہلیان علاقہ نے ڈاکخانہ کریالہ میں جمع کروائے تھے وہ نومبر 2024ء کے بلوں میں بقایا جات کی شکل میں لگ کر آئے تو اہلیانِ علاقہ اپنی اپنی شکایات لیکر ڈاکخانہ کریالہ گئے۔
وہاں ذمہ داران کے کہنے اور گارنٹی دینے پر صارفین نے وہ بجلی بل بھی ڈاکخانہ میں جمع کروا دیئے لیکن جب ماہ دسمبر 2024ء کے بجلی بلوں میں بھی جب بڑی تعداد میں صارفین بجلی کے بقایا جات تازہ بلوں میں شامل ہوکر آئے تو انکے ہوش اڑ گئے،علاقہ کی سرکردہ شخصیات ڈاکخانے کے باہر پہنچ گئیں تو معلوم ہؤا کہ محکمہ ڈاک کریالہ کا کلرک امتیاز ساکن سلوئی تحصیل چوآسیدنشاہ گزشتہ دو ماہ کے بجلی کے بلوں کے پیسے لیکر کریالہ پوسٹ آفس سے غائب ہوچکا ہے۔
محکمہ نے اس مبینہ فراڈ پر پردہ ڈالنے کیلئے مذکورہ کلرک کو معطل کرنے اور اس کیخلاف انکوائری کرنے کا مؤقف اختیار کیا ہے جبکہ دوسری جانب شعبہ آڈٹ محکمہ ڈاک کی خصوصی ٹیم نے کریالہ ڈاکخانہ کا دورہ کیا اور بجلی بلوں کی رقم سمیت مختلف اکاؤنٹس میں مبینہ گھپلوں کے ذریعے خرد برد کی جانے والی رقم کا تخمینہ لگایا جو لاکھوں میں جارہا ہے۔