اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) آفتاب سلطان نے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ وہ اس ماحول میں کام نہیں کرسکتے۔ایڈیٹر انوسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کے مطابق آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھےکہ وہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان پرکچھ گرفتاریوں کےلیے دباؤ تھا لیکن انہوں نےگرفتاریوں سے انکار کر دیا۔ آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے آفیسر ہیں، آفتاب سلطان ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے۔ آفتاب سلطان نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 کو نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفیٰ دیا تھا، مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔
126