چھتروہ جیولر سے ایک کروڑ مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹنے والے 04 ڈاکو گرفتار

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس میرپور عرفان سلیم نے ڈڈیال میں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ مورخہ 11اگست 2022ء کو مسمی ماجد محمود ولد خالد محمود قوم راجپوت ساکن چھتروہ تحصیل ڈڈیال ضلع میرپور جو چھتروہ بازار میں جیولرز کا کاروبار کرتا ہے کو صبح قریب 08:00 بجے گھر سے دوکان پر جاتے ہوئے راستہ میں چار موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے روکا اور اسلحہ کے زور پر قریبی ویرانہ میں لے جاکر اس کے قبضہ سے ایک کروڑ روپے مالیت کے 55تولے سونے کے زیورات اور 18لاکھ روپے پاکستانی کرنسی چھیننے کے بعد اُسے رسیوں سے باندھ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کو واقعہ کی اطلاع ملنے پر عنصر علی ڈی ایس پی ڈڈیال اور عدنان صابر SHOاور عملہ تھانہ ڈڈیال نے فوری طورپر ضلع بھر میں ناکہ بندی کر کے نامعلوم ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔ تلاش کے دوران بمقام چھتروہ محلہ ٹکی ڈیم کنارہ سے ملزمان کے زیر استعمال دو ہنڈا موٹرسائیکل برآمد ہوئے جو قبضہ پولیس میں لے کر تفتیش جاری رکھی۔اس دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ دو نامعلوم افراد لانچ کے ذریعہ منگلا ڈیم کے راستے سناٹھہ تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم کی جانب گئے ہیں۔ ملزمان کی ڈڈیال میں موجودگی ٹریس کرنے کے لیے تکنیکی ذرائع بھی استعمال کیے گئے اور اس طرح وقوع میں شامل 04 ڈاکوؤں اور اُن کے 02سہولت کاروں کا سراغ لگالیاگیا۔ گزشتہ روز ملزمان کی علاقہ خیبر پختون خواہ میں موجودگی کی اطلاع ملنے پرعدنان صابر SI/SHO ڈڈیال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مردان میں ریڈ کر کے وقوع میں شامل 03ڈاکو جن میں شہزاد ولد شاجہان قوم پٹھان ساکن چمڈھیری تحصیل وضلع مردان ‘ عاقب خان ولد رزاق احمد ‘ محمد زبیر ولد عابد حسین اقوام بنگیارہ ساکنان افغان آباد تحصیل دینہ ضلع جہلم کو گرفتار کر لیا مقامی سہولت کاروں میں سے ایک سہولت کار مبشر محبوب ولد طارق محمود قوم جٹ ساکن محلہ خانقاہ چھتروہ تحصیل ڈڈیال کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوران تفتیش ان ڈاکوؤں کے قبضہ سے لوٹے گئے مال میں سے 55 تولے طلاعی زیورات،ایک لاکھ نوے ہزار روپے کیش،تین موبائل فون اور دو ہنڈا 125 موٹرسائیکل برآمد کر لیے ہیں۔ وقوع میں شامل دیگر دو کس ملزمان حسن بلال ولد منور حسین ساکن میرا تحصیل دینہ ضلع جہلم ‘زعفران ولد مہربان قوم جٹ ساکن چھتروہ تحصیل ڈڈیال ضلع میرپورکو بھی جلد گرفتارکر کے بقیہ برآمدگی بھی کی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں