چوہدری نثار علی کا دل / مسعود جیلانی

پنڈی پوسٹ کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وہ کلر سیداں کے خیر خواہ ہیں وہ جہاں کہیں بھی ہوں ان کا دل ان کے ساتھ ہوتا ہے اور وہ کلر سیداں کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتے کلر سیداں میں جناب چوہدری نثار علی خان صاحب کی یہ کی جانے والی باتیں

چک بیلی خان اور چونترہ کے عوام کو بھی وہ باتیں یا د دلانا شروع کر دیتی ہیں جو وہ موجودہ حلقہ این اے 52بننے سے پہلے اپنے علاقے چک بیلی خان اور چونترہ کے لئے کیا کرتے تھے چک بیلی خان اور چونترہ کے عوام اب کلر سیداں والوں کو یہ بتاناچاہتے ہیں کہ جناب چوہدری نثار علی خان صاحب کا یہ دل جو ان کے کہیں بھی ہونے پر کلرسیداں میں ہوتا ہے اس زمانے میں اپنے علاقے چک بیلی خان اور چونترہ ہوا کرتا تھا اسی دل نے انہیں مجبور کیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے اپنا ووٹ بھی آبائی گاؤں چکری سے کٹوا کر چک بیلی خان میں بنوا لیا تھا وہ کہا کرتے تھے

کہ میرا دل چونترہ کے عوام سے اس قدر جڑا ہواہے کہ دل کرتا ہے کہ میں پاپین بنگلہ پر اپنی بیٹھک بنوا لوں جہاں میں ہر ہفتہ اپنے علاقے کے لوگوں سے ملا کروں لیکن 1985ء سے سننے والے یہ الفاظ آج بھی امر نہ ہوئے چوہدری صاحب ہر ہفتہ بعد تو کیا سالوں بعد پاپین بنگلہ آتے ہیں اور علاقے والوں کے ساتھ وہ سلوک کر کے جاتے ہیں کہ طبیعت صاف ہو جاتی ہے اب حلقہ نیا بن جانے پر چوہدری صاحب کا دل زیادہ ووٹ دیکھ کر کلر سیداں چلا گیا ہے

یہاں ہم جناب چوہدری صاحب سے چند سوالات کرنا چاہتے ہیں جن سے ہمیں بھی اور کلر سیداں والوں کو بھی یہ پتا چل جائے گا کہ دل کتنا ہر جائی ہے بلکہ کلر سیداں والوں سے کہیں گے کہ بقول شاعر
؂ تو اسے اپنی تمناؤں کا مر کز نہ بنا
چاند ہرجائی ہے ہر گھر میں اتر جاتا ہے
چوہدری صاحب سے سوال ہے کہ حلقہ این اے چالیس کے زمانے میں جب ان کا دل اپنے علاقے چک بیلی خان اور چونترہ میں ہوا کرتا تھا اور وہ اپنے علاقے کے خیر خواہ تھے تو ان کی بہنوں اور بیٹیوں کا سوال ہے کہ اس وقت سے اب تک انہوں نے لڑکیوں کی تدریس کے لئے کیا کوئی کالج بنوایا یا بہترین تعلیم کے لئے انہیں دور دراز کے دھکے کھانے کے لئے ہی چھوڑا بلکہ 1988ء میں میاں نواز شریف چک بیلی خان میں بطور وزیرِ اعلیٰ آئے تو ان کے منہ سے ڈگری کالج کے الفاظ نکلے تو آپ نے کہہ دیا تھا کہ ہائر سیکنڈری سکول ہی کافی ہے یہ بھی کالج ہی ہوتا ہے

حالانکہ ہائر سیکنڈری سکول کالج نہیں ہوتا لڑکوں کے لئے چک بیلی خان کے مقام پر علاقے میں کام کرنے والی ایک آئل کمپنی نے ڈگری کالج بنوایا اس میں بھی برسوں بعد کلاسسز تو شروع ہوئیں آج تک تدریسی عملہ پورا نہیں ہوا اگر عمارت کے کمرے گنے جائیں تو وہ بھی پرائمری سکول سے کم ہیں اس میں نام کا پرنسپل ہے بس ایک کلر ک سے کام چلایا جا رہا ہے بچیوں اور بچوں کو اپنے مطالبے کا جواب تو مل گیا ہو گا اب ذرا اس دل سے پوچھئے کہ جن بزرگوں نے آپ کے ساتھ اور آپ کے بزرگوں سے تعلقات کی لاج رکھتے ہوئے ہمیشہ پگڑی کے نام پر ووٹ دیا ان کے لئے اپنے اس علاقے میں کیاکوئی ہسپتال بنوایا یا آپ نے انہیں بڑھاپے میں راولپنڈی اور چکوال
کے ہسپتالوں میں دھکے کھانے پر ہی اکتفا کرنے کو کہا اس سوال میں بھی آپ کے صفر نمبر ہیں اس کے بعدزمینداروں کا سوال ہے کہ آپ نے 1992ء میں چک بیلی خان کو سب تحصیل کا درجہ دلوایا تھاکیا اب سب تحصیل آفس میں محکمہ مال کا کوئی افسر بیٹھتا ہے یا چوکیدار بھی نہیں ہوتا لوگوں کو اپنی زمینوں کے معاملات کے لئے روات یا راولپنڈی جانا پڑتا ہے اس سوال کا جواب کیا ہے اپنے دل سے پوچھیں ہاں ایک بات کا دعویٰ آپ اکثر کرتے ہیں

کہ آ پ نے اس علاقے کی کھوتیوں کے لئے بھی سڑکیں بنوائی بنوائی ہیں اس میں بھی آپ چک بیلی خان چکوال روڈ کو دیکھئے جو صرف پندرہ کلومیٹر کے ٹکڑے کی توسیع نہ ہونے کے باعث ابھی تک ادھوری ہے کیا آپ ان کھوتیوں کو ضلع چکوال کی حدود سے دور رکھنا چاہتے ہیں چلیں اس کام کو مان لیتے ہیں لیکن چوہدری صاحب چک بیلی خان اور چونترہ کے عوام جو گذشتہ تیس برس سے آپ سے پگڑی کے نام پر وفا کر رہے ہیں انہیں کھوتیوں تک محدود نہ رکھیں یہاں انسانوں کے لئے بھی کچھ کریں یہ اتنے وفادار ہیں کہ آپ کی اتنی ڈانٹ کے بعد بھی اف تک نہیں کرتے ہم یہ نہیں کہتے کہ اپنے دل کو کلر سیداں کے ساتھ نہ جوڑیں صرف یہ کہتے ہیں

کہ دل کو گھر کا راستہ بھی بتائیں کیونکہ وہ لوگ کہیں گے جو دل گھر کا نہ ہو سکا وہ ان کا کیسے ہو گا اوپر جو تعلیم اورصحت سمیت تین بڑے بنیادی مسئلے بتائے گئے ہیں یہ آپ کے علاقے کی بنیادی ضرورت ہیں انہیں محسوس کیجئے اور ان کے حل کا بندوبست کریں کلر سیداں میں آپ نے یہ بھی کہا کہ آپ پولیس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں یہ شکایت ہمیں بھی ہے اس کے لئے اگر آپ اپنے کارکنوں کو چوکی تھانے کی کھڑپینچی سے ذرا دور کر لیں تو یقیناً اس کی کارکردگی بھی بہتر ہوجائے گی باقی دل کی کا کیا کہیں کاروباری کا دل جہاں منافع دیکھتا ہے اس کا ہو جاتا ہے آپ کا دل بھی سیاستدان کا دل ہے یقیناً آپ نے بھی زیادہ ووٹ مانگنے کے لئے اسے کلر سیداں بھیجا ہو گا کیونکہ اپنے علاقے سے تو آپ کو ووٹ بن مانگے ہی مل جاتے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں