چوک پنڈوڑی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)عدن رینٹ اے کار اینڈ پراپرٹی سنٹر کے مالک، معروف کاروباری شخصیت اور سینیئر سوشل میڈیا صحافی راجہ رضوان الحق کیانی نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے دفتر کے ملازم عمران کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کر لیا ہے۔
راجہ رضوان کے مطابق، “میں شام تقریباً 6 بج کر 45 منٹ پر اپنے دفتر میں موجود تھا، جب ایک کالی گاڑی (XLI بلیک رنگ) میں سوار چار نامعلوم افراد وہاں پہنچے۔ ان میں سے ایک کے ہاتھ میں کلاشنکوف بھی تھی۔ انہوں نے زبردستی دفتر میں داخل ہو کر ہمارے ساتھی عمران کو گاڑی میں ڈال کر اغواء کر لیا۔”
واقعہ کی اطلاع فوری طور پر عمران کے والد حاجی محمد آزاد کو دی گئی، جنہوں نے ہنگامی ہیلپ لائن 15 پر کال کی۔ اطلاع ملتے ہی کلر سیداں پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ عمران کے والد نے تھانہ کلر سیداں میں اس واقعہ کے حوالے سے تحریری درخواست جمع کروا دی ہے، تاہم تاحال عمران کی بازیابی ممکن نہ ہو سکی۔
راجہ رضوان الحق کیانی اور متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مغوی عمران کو جلد از جلد بازیاب کروایا جائے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حسب ضابطہ کارروائی جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
