چوآخالصہ (نمائندہ پنڈی پوسٹ) — چوآخالصہ سپورٹس اسٹیڈیم کے قریب رات کے وقت ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی جس میں نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک شہری کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر اس کی موٹر سائیکل اور نقدی چھین لی۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے متاثرہ شہری کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے رسیوں سے باندھ کر قریبی جھاڑیوں میں پھینک دیا۔ واردات کے دوران ڈاکو شہری سے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کلرسیداں کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اہلِ علاقہ نے اس واردات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں اس قسم کی وارداتوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری کا بیان قلمبند کر لیا گیا ہے اور جلد ہی سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تکنیکی ذرائع سے ڈاکوؤں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔