چنام شریف سالانہ بڑی گیارہویں شریف کے موقع پر پرو رونق محفل کا انعقاد

ساگری (زاہد نقیبی)
پیران پیر حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے سلسلے میں “جشنِ غوثِ الوری” کی پررونق تقریب حسب الارشاد سجادگان درگاہِ نقیب الاولیاء نقیب آباد شریف (قصور) حضور نقیبِ ثانی حضرت صوفی محمد نقیب الرحمنٰ شاہ اور حضور عظمت ثانی حضرت صوفی محمد اسد اللہ شاہ کی زیر صدارت آستانہ عالیہ نقیبیہ چنام شریف کہوٹہ روڈ تحصیل کلرسیداں میں منعقد ہوئی۔ محفل پاک کا آغاز قاری عبد الرزاق نقیبی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ زبیر حسین نقیبی نے اپنی خوبصورت آواز میں بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم میں ہدیہ نعت کا نذرانہ پیش کیا جبکہ علامہ عثمان علی نقیبی نے اولیاء اللہ کی شان اقدس پر خطاب کیا۔ نقابت کے فرائض قاری محمد زاہد نقیبی نے سرانجام دئیے۔

سجادگان کی چنام شریف آمد پر حاجی صوفی محمد افضل شاہ نقیبی کی قیادت میں دور و نزدیک سے آئے سینکڑوں مریدین اور عقیدتمندوں نے شاندار استقبال کیا اور سجادگان نے اپنے دست مبارک سے عرس مبارک کا افتتاح کیا۔ قبل ازیں بعداز نماز عصر ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل پاک زیر صدارت حاجی صوفی محمد افضل شاہ نقیبی صاحب منعقد ہوئی۔ محفل پاک میں ذکر و اذکار اور ختم خواجگان کے بعد اجتماعی دعا کی گئی جبکہ بعداز نماز عشاء محفل سماع کا انعقاد ہوا جس میں درباری قوال محمد شوکت نقیبی و ہمنوا اور محمد شفیق و ہمنوا نے حصہ لیا۔ آخر میں محفل رنگ کے اختتام پر دین اسلام کی سربلندی، حاضرین محفل کی صحت و تندرستی اور ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔