29

پی ٹی آئی کی احتجاجی کال،راستے مکمل سیل موبائل سروس معطل

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)پی ٹی آئی کے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے۔راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور دفعہ 144 بھی نافذ ہے، فیض آباد پُل پر ڈبل لیئر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی مختلف مقامات پر سیل کر دیا گیا ہے۔

آئی جے پی ڈبل روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کی طرف آنے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہے۔ گوجرخان بھائی خان پل پر ،روات چک بیلی موڑ ،ٹی چوک روات ،کلرسیداں روڈ پر شاہ باغ اور دیگر مقامات پر کنٹینرز لگا کر راستوں کومکمل سیل کیا گیا ہے جبکہ جگہ جگہ پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی ہے

ادھر ڈی چوک سے پولیس نے 3 افراد کوحراست میں لیا ہے۔ زیرِ حراست افراد میں دو عام شہری اور ایک تحریکِ انصاف کا کارکن ہے۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں آئندہ 2 روز کے لیے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کا اطلاق جمعرات کی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سخت قانونی کارروائی ہو گی۔سی پی او خالد ہمدانی کے مطابق امن میں خلل ڈالنے والوں سے نمٹنے کے لیے خصوصی دستے تعینات ہیں، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے شرپسندوں کی شناخت کی جائے گی، امن میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں