مظفرآباد (خصوصی رپورٹر) — آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت، پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی مرکزی و پارلیمانی قیادت کے درمیان مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی اور حالیہ سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم انوار الحق کے خلاف اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی اراکینِ اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ قرارداد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی۔ اس ضمن میں اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے تیز کر دیے گئے ہیں تاکہ تحریک کو کامیاب بنایا جا سکے۔
دوسری جانب، حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم انوار الحق ایوان کا اعتماد رکھتے ہیں اور کسی بھی عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔
سیاسی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت آزاد کشمیر کی سیاست میں نئے سیاسی بحران کی بنیاد بن سکتی ہے۔