پہلگام واقعے پر انڈیا بغیر تحقیقات الزام تراشی کر رہا ہے،عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد تحقیقات کے بجائے مودی سرکار ایک بار پھر پاکستان پر الزام لگا رہی ہے۔

منگل کے روز جاری بیان میں عمران خان نے پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پلوامہ ’فالس فلیگ آپریشن‘ کا واقعہ پیش آیا تو اس وقت بھی پاکستان نے انڈیا کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی تھی لیکن انڈیا کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تحقیقات کے بجائے مودی سرکار ایک بار پھر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ارب کی آبادی والا ملک ہونے کے ناطے انڈیا کو ‘نیوکلیئر فلیش پوائنٹ’ کہلائے جانے والے اس خطے کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں