132

پٹرولنگ پوسٹ چوکپنڈوڑی میں ڈرائیونگ لائسنس سنٹر قائم

چوک پنڈوڑی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)پنجاب ہائی وے پولیس (PHP) نے عوام کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے چوک پنڈوری میں جدید سہولیات سے آراستہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر قائم کر دیا ہے۔ یہ سینٹر علاقے کے رہائشیوں کو ان کے قریبی مقام پر ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا موقع فراہم کرے گا۔ سینٹر کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور رواں ماہ سے لائسنس کے اجرا کا باضابطہ آغاز کر دیا جائے گا۔ جلد ہی افتتاحی تقریب منعقد ہوگی، جس میں مقامی شخصیات اور حکام کی شرکت متوقع ہے۔

اس سینٹر کے قیام سے کلر سیداں اور قریبی علاقوں کے شہریوں کو خاص طور پر فائدہ ہوگا، جو پہلے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے دور دراز کا سفر کرنے پر مجبور تھے۔ اب وہ چوک پنڈوری میں ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرکے آسانی سے لائسنس حاصل کر سکیں گے۔

انچارج PHP چوک پنڈوری، انسپکٹر عتیق کیانی، نے کلر سیداں پریس کلب کے اراکین کو سینٹر کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدام عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں کو قائم کیے گئے کاؤنٹرز اور دیگر انتظامات کا دورہ بھی کرایا اور بتایا کہ سینٹر میں تمام ضروری سہولیات موجود ہیں تاکہ لائسنس کے حصول کا عمل آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔

یہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ ٹریفک قوانین کی بہتر عمل داری اور تربیت یافتہ ڈرائیورز کی تعداد میں اضافے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ عوام کی طرف سے اس سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ یہ سینٹر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں