پوٹھوہارناں مانڑ محمد شریف شاد

پوٹھوہاری رائٹرز کلب پاکستان نے پوٹھوہاری ادبی سوسائٹی راولپنڈی اور پنجاب کونسل آف آرٹس راولپنڈی کے اشتراک سے پوٹھوہار اور پوٹھوہاری کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دینے والیپوٹھوہار کے سینئرز شاعروں، ادیبوں اور قلمکاروں کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک نیا سلسلہ ”پوٹھوہار ناں مانڑ ایوارڈ“شروع کیا ہے۔اس کا بنیادی مقصد پوٹھوہاری زبان و ادب کے لئے کام کرنے والی شخصیات کی خدمات کا اُن کی موجودگی میں اعتراف ہے کہ ان کی زبان و ادب کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں جو پوٹھوہار کے علمی،ادبی اور ثقافتی منظر نامے کو ایک نئی رونق بخشے گا ”پوٹھوہار ناں مانڑ“ پہلا باقاعدہ پروگرام 31 اکتوبر 2025 کو معلم،براڈکاسٹر، لغت نویس،مترجم،سیرت نگار،سفر نامہ نگار اور شاعر محمد شریف شاد کے اعزاز میں پنجاب کونسل آف آرٹس راولپنڈی منعقد کیا گیا۔اس منفرد اور دلچسپی سے بھر پور پروگرام میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرخان دولتالہ،کلر سیداں واہ کینٹ اور پوٹھوہار بھر سے معروف علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔اس رنگارنگ تقریب میں ریڈیو و ٹی وی کے فنکاروں کی شرکت نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔معروف شاعر و ادیب پروفیسر جلیل عالی نے اس خوبصورت محفل کی صدارت فرمائی۔معروف صحافی و لکھاری جبار مرزا،شاعر و ماہر لسانیات یاسر کیانی اور معروف شاعر رحمن حفیظ مہمانان خصوصی کی نشستوں پر براجمان ہوئے۔ معروف شاعر و براڈکاسٹر عابد حسین جنجوعہ اور معروف شاعر و افسانہ نگار شاہد لطیف ہاشمی مہمانان اعزاز تھے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض راقم (نعمان رزاق) نے سر انجام دیئے صدر محفل پروفیسر جلیل عالی نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا،”اتنی گوہڑی تے مٹھاس آلی پوٹھوہاری سنڑ سنڑ کے مینوں اردو پہل گئی اے“عالی صاحب کے اس جملے سے ہال زور دار تالیوں اور مسکراہٹوں سے گونج اٹھا۔عالی صاحب نے اپنے منفرد انداز میں جناب شریف شاد کا فن و شخصیت پر گفتگو کی۔شریف شاد کی شخصیت کے کئی ایک پہلو موجود ہیں۔مقررین نے اپنے اپنے مخصوص انداز میں، جبار مرزا نے”جناب شریف شاد تے ستے خیراں“ یاسر کیانی ”بے ناں سکا“ رحمن حفیظ ”پہچانڑ سوں پہچانڑ تک“عابد حسین جنجوعہ ”محمد شریف شاد شخصیت، فن، تے ادبی خدمات ”شاہد لطیف ہاشمی“ سارے رنگ شریف شاد نیں سنگ ”ڈاکٹر طارق قاضی ”حکایات سعدی تے رومیپوٹھوہاری اچ“ (مضمون راشد عباسی نے پڑھا) فیاض کیانی ”شریف شاد نویکلا براڈکاسٹر“ عظمت مغل ”رہتل نسل جوڑ“شمسہ نورین ”شریف شاد اراں پوٹھوہاری شاعری“ مہوش راجہ ”ایک عہد ساز شخصیت اور عمر صدیق“شریف شاد سفر نامہ نگار کے عنوان سے مضمون پڑھے۔صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر محمد جمیل جمیل اردو اور انگریزی جبکہ معروف شاعر نزاکت علی مرزا پوٹھوہاری اچ منظوم کلام پڑھے ملکہ پوٹھوہار شہناز خان نے اپنی جاندار انٹری دی اور خوبصورت پوٹھوہاری خاکہ پیش کیا۔جس سے سامعین بھر پور لطف اندوز ہوئے۔تالیوں سے ادبی بیٹھک کا ہال گونج اٹھا اورہر چہرہ کھلکھلا اٹھا پوٹھوہاری رائٹرز کلب کی جانب سے اس طرز کا انوکھا پروگرام منعقد کر کے شریف شاد کی شخصیت میں موجود ادبی اوصاف کو سامنے لانا تھا جو درحقیقت ان کے فن و شخصیت کا حصہ ہیں۔جن کو ہر ایک لکھاری نے بہت دلچسپی سے صفحہ قرطاس پر لایا۔یوں شریف شاد کی فن و شخصیت کے یہ پہلو سماعتوں میں رس گھولتے ہوئے حافظوں میں محفوظ ہوئے۔پوٹھوہاری رائٹرز کلب کی ذیلی کمیٹی پوٹھوہار یونیورسٹی موومنٹ کے چیئرمین ظہیر چوہدری اور پروفیسر جلیل عالی نے محمد شریف شاد کو ”پوٹھوہار ناں مانڑ ایوارڈ“ پیش کیا۔پوٹھوہاری ادبی سوسائٹی کے بانی و چیئرمین فرید زاہد نے پوٹھوہاری کے لئے کام کرنے والی شخصیات محمد شریف شاد شاعر، راجا عبدالوحید قاسم شاعر، فیاض کیانی براڈکاسٹر، شہناز خان پوٹھوہاری صدا کار،غلام فاروق اعوان براڈکاسٹر، مہوش راجا براڈکاسٹر، ظہیر چوہدری ڈرامہ نگار اور عبدالرحمن تابانی و حمید فلک کو پوٹھوہار کی ثقافت کو اپنے فن پاروں میں پیش کرنے اور پوٹھوہاری کتابوں کے دیدہ زیب ٹائٹل بنانے پر”ویلے نیاں دس لڑیاں یادگاری سند“ پیش کی گئی۔پوٹھوہار ناں مانڑمحمد شریف شاد پوٹھوہاری زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے تسلسل کا اظہار کرتا ایک خوبصورت پروگرام تھا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ خطہ پوٹھوہار میں پوٹھوہاری نہ صرف پڑھی، سنی اور بولی جاتی ہے بلکہ باقاعدگی سے پوٹھوہاری کتب منظر عام پر آ رہی ہیں لوگ ان کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ تخلیق کاروں کی پذیرائی بھی کرتے ہیں۔پروگرام کی کوریج کے لئے پاکستان ٹیلی ویژن سے عمران منصب اور ریڈیو پاکستان راولپنڈی سے پروڈیوسر فیصل خان و شوکت ملک خصوصی طور پر تشریف لائے۔دیگر علمی ادبی حلقوں سے ڈاکٹر اسد منیر،عامر آذاد خان،نوید احمد چوہان، قیصر نذیر، طارق رائے، عرفان بیگ،جہانگیر عمران،نوید اسلم کہوٹ، راشد عباسی، محمد ساجد قریشی الہاشمی،علی اصغر ثمر،محمد شیراز،منور عاصی،ڈاکٹر اسلم محمود خان،عبدالطیف، قمر محمود، حلیمہ جی،جنید اختر، باسط علی طوری،وقاص احمد،دانیال کیانی،شعیل شاہد،احمد ابراہیم، ذیشان حیدر راجا اور فخر علی نے اس پروگرام میں شرکت کر کے پروگرام کی رونق میں اضافہ کیا۔

نعمان رزاق وڑائچ