راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) جولائی 2025 میں افتتاح ہونے والے مال روڈ انڈر پاس کے حوالے سے پنڈی پوسٹ نے گزشتہ روز شہریوں کی قیمتی جانوں کو لاحق خطرے سے متعلق ایک اہم خبر شائع کی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ اس مصروف ترین شاہراہ پر واقع انڈر پاس کے 9 مین ہول کورز یا تو چوری ہو چکے ہیں یا نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہٹا دیے گئے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
مذکورہ خبر اس لنک پر ملاحظہ کریں
پنڈی پوسٹ نے اپنی صحافتی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے نہ صرف اس خطرناک صورتحال کی نشاندہی کی بلکہ اس خبر کا تراشہ براہِ راست چیف ایگزیکٹو آفیسر کینٹ بورڈ راولپنڈی کو بھی ارسال کیا، تاکہ بروقت اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔ آج جب پنڈی پوسٹ کے نمائندے نے دوبارہ اس مقام کا دورہ کیا تو یہ خوش آئند امر سامنے آیا کہ متعلقہ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام مین ہول کورز دوبارہ نصب کر دیے ہیں۔ شہریوں نے اس تیزرفتار اور مؤثر کارروائی پر کینٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور پنڈی پوسٹ کے کردار کو سراہا۔ پنڈی پوسٹ آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ عوامی مسائل کو اجاگر کرتا رہے گا تاکہ شہریوں کے تحفظ اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔