74

پنجا ب کے ہر ڈویژن میں تھیلیسیمیا سنٹر بنانے کی منطوری

لاہور (نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ڈویژن میں تھیلیسیمیا سینٹر قائم کرنے کی منظوری دیدی جبکہ ہیلتھ کے لئے موثر ترین سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا زیر صدارت ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس گزشتہ روز ہوا۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں مریضوں کیلئے عالمی معیار کے مطابق بلڈ کی فراہمی کے لئے پلان طلب کر لیا گیا جبکہ ہر ڈویژن میں تھیلیسیمیا سینٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، 21 ڈسٹرکٹ اور 15 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں بھی تھیلیسیمیا سینٹر بنیں گے ۔ مریم نواز نے 800 مراکز صحت کی ری ویمپنگ 20 جون تک مکمل کرنے کا حکم دیا جبکہ ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں صفائی اور سکیورٹی سروسز کی موثر نگرانی کا سسٹم وضح کرنے کی ہدایت بھی کی ۔اجلاس میں پنجاب میں آکسیجن سمیت دیگر ضروری گیسوں کی تیاری کا پراجیکٹ بھی تیار کر لیا گیا۔

ہسپتالوں میں جدید ترین آلات پر مشتمل ٹراما سینٹر قائم کرنے کی تجویز پر اتفاقِ رائے ہو گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس کے شرکا کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے قوم کو نیا اعتماد دیا اور قومی جذبہ کی نئی روح پھونک دی، دنیا میں پاکستان کی عزت واحترام بڑھا۔

دریں اثنا ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز نے 6 لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے فی ایکڑ 5ہزار روپے ویٹ سپورٹ پرائس کے اجراکی منظوری دیدی۔کسان کارڈ نہ رکھنے والے کاشتکاروں کو بھی فی ایکڑ 5 ہزار سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو اگلی فصل کے لئے بھی اربوں روپے سبسڈی دی جائے گی۔ قبل ازیں مریم نواز شریف نے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کے لئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ،وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر ارکان کمیٹی میں شامل ہونگے ۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کا دورہ کر کے پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ بعدازں مریم نواز غازیوں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ ہسپتال پہنچ گئیں،انہوں نے بھارتی جارحیت کے دوران زخمی افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور مزاج پرسی کی۔ مریم نواز شریف نے انٹرنیشنل نرسز ڈے پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ نرس ہر معاشرے میں قابل احترام ہیں،ہر معاشرہ بیمار اوربے بس لوگوں کی خدمت اورمعاونت کرنے والے نرسوں پر فخر کرتا ہے۔ نرس بیماری، تکلیف اور بے بسی میں امید، حوصلے اور محبت کی صورت ہیں۔ نرسنگ صرف پیشہ نہیں مقدس فریضہ ہے جو سحر و شام انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوتا ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں