پنجاب کی بیٹیوں کیلئے جو مجھ سے ہو سکا کروں گی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھکر میں دانش سکول منکیرہ کا افتتاح اور گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ میں سکول میل پروگرام کا آغاز کردیا، وزیراعلیٰ نے طالبات میں لنچ بکس تقسیم کئے اور کلاس روم کا دورہ کیا، انہوں نے منکیرہ کے 3 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا جس پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کیسا نوالہ کو پرائمری سے ایلیمنٹری جبکہ کری اور نورپورشاہ کے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی گریڈ کا درجہ دے دیاگیا۔مریم نواز کا کہناتھاکہ ماں کے طور پر پنجاب کی بیٹیوں کیلئے جو ہوسکا کروں گی۔

انہوں نے طالبات سے بات چیت کی اور گھل مل گئیں ،وزیراعلیٰ کے سوال پرطالبہ نے معصومیت سے جواب دیا ع سے عین ہوتا ہے ،معصوم طالبہ نے گفتگوکرتے ہوئے کہا آپ کا ڈریس بہت اچھا ہے ، ٹی وی پر روز دیکھتی ہوں آج آپ کوخود دیکھا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچیوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہادودھ پئیں، اچھی غذا کھائیں اور سٹرانگ ہوجائیں،خوب محنت کرکے آگے بڑھیں ۔ مریم نواز دانش سکول پہنچنے پر سفید پگڑی پہنے دو نوں بچوں کا ہاتھ پکڑکر افتتاح کے لئے ساتھ لے آئیں۔ان کاکہناتھاکہ کتابیں پڑھنی چاہئیں، کتابیں پڑھنے سے علم اور عزت بڑھتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے دانش سکول گرلز کیمپس کے ہاسٹل میں جاکر 3 طالبات کی سالگرہ منائی،انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی نرمل تحریم، شکیلہ نور اور انوشے کنول کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔مریم نواز نے کہا محنت کرکے وہ حاصل کرسکتے جو بظاہر ناممکن لگتا ہے ، کبھی ڈرنا نہیں اور پریشان بھی نہیں ہونا، اگر کچھ نہیں آتا تو سیکھیں اور جاننے کی کوشش کریں۔