پنجاب میں ڈالہ کلچر ختم کرنے کیلئے رپورٹ مرتب

پنجاب حکومت نے گن کلچر ختم کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس میں قتل و غارت کے واقعات کی تفصیلی تجزیاتی رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔رپورٹ میں گزشتہ 4 سال کے قتل کی وارداتوں کا جائزہ لیا گیا اور قتل کے محرکات و وجوہات کا تعین کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار سال میں 39 فیصد قتل زمین کے تنازع پر ہوئے، 23 فیصد قتل گھریلو ناچاقیوں کی وجہ سے ہوئے، دیرینہ دشمنی پر ہونے والے قتل کی شرح 6 فیصد رہی، 11 فیصد قتل نامعلوم افراد کے ہاتھوں ہوئے اور غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کی شرح 21 فیصد رہی۔

وارداتوں میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے اور گروپس کے کوائف جیو ٹیگنگ کے ذریعے ریکارڈ کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت اسلحہ کلچر اور قتل و غارت کے واقعات کی روک تھام کے لیے جیو ٹیگنگ کے ڈیٹا کا استعمال کیا جائے گا، تاکہ مجرموں کی شناخت اور بروقت کارروائی ممکن ہو۔