پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں سکیم کے لیے مختص کی گئی ہیں، جنہیں پانچ سال کی آسان اقساط پر بلا سود فراہم کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت ایک ہزار گاڑیاں کارپوریٹ سیکٹر کے لیے جبکہ 100 گاڑیاں انفرادی درخواست گزاروں کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ خواتین کے لیے خصوصی طور پر 30 ای گاڑیاں بھی سکیم میں شامل کی گئی ہیں۔ درخواست جمع کروانے کے لیے ایک آن لائن پورٹل قائم کیا گیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے مطابق سکیم کے ذریعے روزگار کے مواقع اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ انٹرسٹ کا سارا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے لیے بہت آسان شرائط رکھی گئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے سے ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کو فروغ ملے گا اور ای ٹیکسی سکیم کے ذریعے عوام کا رجحان الیکٹرک گاڑیوں کی جانب بڑھے گا۔ اس مقصد کے لیے ای گاڑیوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر بھی جاری ہے۔