پنجاب میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار

پنجاب حکومت نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا ہے۔
پنجاب حکومت نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے ایک نیا قانون متعارف کراتے ہوئے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر سڑکوں پر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہے۔
حکومت کی جانب سے کی جانے والی حالیہ قانونی ترمیم کے مطابق تمام موٹر سائیکلوں کو ایک مخصوص ٹیسٹنگ مرحلے سے گزرنا ہوگا، جس کے بعد انہیں ایک سال کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ قانون صوبے میں روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے اور خراب حالت میں موجود گاڑیوں کی سڑکوں پر موجودگی کو محدود کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
پنجاب بھر میں موٹر سائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی باقاعدگی سے جانچ کروائیں تاکہ ماحولیاتی معیار پر پورا اتریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس قانون کے نفاذ کے ساتھ، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (EPA) نے بھی گاڑیوں کے اخراج ٹیسٹ (ایمیشن ٹیسٹ) کی سہولت مفت فراہم کرنی شروع کر دی ہے۔ جو گاڑیاں یہ ٹیسٹ پاس کرتی ہیں، انہیں ایک سال کے لیے مؤثر سبز اسٹیکر جاری کیا جاتا ہے، جو گاڑی کی ونڈ اسکرین پر چسپاں کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں