راولپنڈی(اویس الحق سے)پنجاب کے تین بڑے دریا اس وقت سپر فلڈ کی لپیٹ میں ہیں اور اب تک صوبے میں 28 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں زیادہ تر گوجرانوالہ ڈویژن میں فلیش اور اربن فلڈنگ کے دوران ہوئیں جبکہ دریائے راوی اور چناب کے بالائی حصوں میں پانی کی سطح کم اور ڈاؤن اسٹریم میں بہاؤ میں اضافہ ہورہا ہے، دریائے ستلج 1955 کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر ہے، جہاں قصور شہر کو بچانے کے لیے آر آر اے ون بند میں شگاف ڈالا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج میں پانی کا بہاؤ ساڑھے تین لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سات دہائیوں میں سب سے بڑا ریلا ہے، ہیڈ سلیمانکی پر پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ ہیڈ اسلام اور ہیڈ پنجند پر بھی خطرات موجود ہیں، بلوکی پر پانی بلند سطح پر ہے جس سے نالہ ڈیک، اوکاڑہ اور ساہیوال کے نشیبی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔
چناب میں بلند ترین ریلا منڈی بہاالدین کے 40 سے زائد دیہات کو متاثر کرنے کے بعد آگے بڑھ گیا، جھنگ شہر کو بچانے کے لیے ریواز ریلوے برج توڑنے سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک تک دباؤ میں کمی آئی، تاہم ہیڈ تریمو پر اب بھی پانی کی سطح بلند ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے جھنگ شورکوٹ روڈ کو کاٹ کر پانی کے دباؤ کو کم کیا جبکہ اوکاڑہ، ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے انخلا مکمل کر لیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 1769 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، جہاں 1.45 ملین افراد سیلاب کی زد میں آئے، اب تک 4 لاکھ 29 ہزار افراد اور 3 لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں جبکہ 365 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نے بتایا کہ اس وقت جاری ریسکیو آپریشن ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف آپریشنز میں سے ایک ہے جس میں فوج، پولیس اور تمام ادارے شریک ہیں۔
محکمہ موسمیات نے وسطی اور بالائی پنجاب میں شدید بارش کی نئی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہری سیلاب اور دیگر مسائل جنم لے سکتے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب ایک حقیقت ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار تین بڑے دریا بیک وقت بپھرے ہیں، اس لیے عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
اسلام آباد(اویس الحق سے)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ باخبر…
اسلام آباد(اویس الحق سے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عمر ایوب…
اسلام آباد(اویس الحق سے)ذرائع کے مطابق پاسپورٹ میں تبدیلی کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن…
اسلام آباد(اویس الحق سے)طالبان وزیر خارجہ کے دورے کے فوری بعد بھارت نے افغانستان کے…
اسلام آباد(اویس الحق سے)جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسلام آباد کے نجی شاپنگ مال کے فلیٹ میں…
"نوجوانوں کا پاکستان، بوڑھے نہیں چلے گے" صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے…