کلرسیداں (نمائمدہ پنڈی پوسٹ) — پنجاب میں پہلی مرتبہ سرکاری اسکولوں کی کارکردگی کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے “سکول آف دی منتھ” ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایوارڈ اسکولوں کو ڈسپلن، کلاس روم مینجمنٹ، لیبارٹری سہولیات اور تعلیمی معیار کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی بہترین تدریسی خدمات پر اساتذہ کو “ٹیچر آف دی منتھ” ایوارڈ سے نوازا جائے گا تاکہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تعلیم کے شعبے میں کئی انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے آن ویل مونٹیسری سکول پراجیکٹ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت بچوں کو جدید سہولیات سے آراستہ موبائل تعلیمی یونٹس فراہم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں پہلی مرتبہ سکول بس/وین سروس متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے لیے جامع پلان جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایک اور اہم قدم کے طور پر مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں بھی ایجوکیشن ٹیک سکولز کے قیام کی منظوری دے دی ہے، تاکہ جدید تعلیم تک ہر بچے کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
حکومت نے ابتدائی طور پر ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، بھکر، میانوالی، اور بہاولنگر کے اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو کہ تعلیم سے محروم بچوں کو دوبارہ اسکولوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ اقدامات وزیراعلیٰ کی تعلیم دوست پالیسیوں کی عکاسی کرتے ہیں، جن کا مقصد پنجاب کے ہر بچے کو معیاری اور جدید تعلیم فراہم کرنا ہے۔