پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پـیـرا) اٹک کی تجاوزات کے خلاف پہلی بڑی کارروائی

اٹک(حافظ نصرت علی خان)پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق قائم کی گئی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار آفتاب کےہمراہ دونوں اداروں کی مشترکہ تجاوزات کے خلاف پہلا بڑا کامیاب آپریشن ۔
یہ آپریشن بلدیہ اٹک کی انکروچمنٹ ٹیم اور پیرا کی فیلڈ فورس کے ہمراہ برساتی نالہ خان چوک اٹک اور اس کے اطراف میں کیا گیا۔ آپریشن سے قبل متعلقہ دکانداروں اور مکینوں کو تجاوزات کے خاتمہ کے لیئے نوٹسز جاری کیے گئے، جس کے بعد کئی افراد نے از خود اپنی تجاوزات ہٹا دیں۔ تاہم جن افراد نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی اور سرکاری مشینری کی مدد سے ناجائز پختہ تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔
چیف آفیسر سردار آفتاب کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں، جنہوں نے پیرا کی تشکیل ماحولیاتی تبدیلی، نالوں کے اطراف میں ناجائز تجاوزات اور شہریوں کو ناجائز قبضوں ، اور دیگر عوامی مشکلات کے پیش نظر کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف کی جانب سے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ ایسی تمام تجاوزات، جو شہریوں کے لیے حالیہ یا آئندہ موسمیاتی تبدیلی میں ممکنہ خطرے کا باعث بن سکتی ہیں، ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ادھر مرزا گاؤں کے نالہ سیتھ کے اطراف میں بھی عوامی شکایات پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ ڈی سی اٹک نے چیف آفیسر ضلع کونسل اٹک خان بادشاہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی قسم کی نئی عارضی یا پختہ تجاوزات کو فوراً روکا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس سلسلے میں نالہ سیتھ مرزا گاوں کے اطراف تنبیہی بورڈز آویزاں کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو پیشگی آگاہی دی جا سکے اور وہ خود سے ان خلاف ورزیوں سے باز رہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف یہ مہم مرحلہ وار جاری رہے گی اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی تاکہ شہریوں کی زندگی اور املاک کو ماحولیاتی خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے
عوامی حلقوں ڈپٹی کمشنر اٹک راو عاطف اور دیگر افسران جو نا جائز تجاوزات کے خلاف متحرک ہیں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا تفریق ایسی کاروائیوں کو جاری رہنا چاہیئے تاکہ غریب عوام کو کسی طرف سے تو سکون میسر آئے.

اپنا تبصرہ بھیجیں