اسلام آباد (حماد چوہدری)پرنٹ اینڈ الیکٹرانک جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی پُروقار تقریب نیشنل پریس کلب کلر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں صحافی برادری کی ممتاز شخصیات اور اراکینِ پارلیمنٹ نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں چیئرمین ڈیفنس کمیٹی و رکنِ قومی اسمبلی سردار فتح اللہ میاں خیل اور وفاقی وزیر و ممبر پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم شامل تھے، جنہوں نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور صحافی برادری کی خدمات کو سراہا۔اس پُروقار تقریب میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سینیئر صحافیوں میں بلال ڈار، جاوید باگٹ، سحر اسلم بشیر عثمانی، اور دیگر نمایاں صحافی موجود تھے جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ تقریب میں نومنتخب صدر ساجد خان، جنرل سیکرٹری راجہ طاہر محمود، نائب صدور اور گورننگ باڈی کے دیگر ممبران نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر تنظیم کی ترقی، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، اور آزادی صحافت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔شرکاء نے اس تقریب کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ تنظیم نئے جذبے کے ساتھ صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
