پاک بھارت میچ کے بعدسوشل میڈیا پر پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل گرانے کے چرچے
‘میچ ہارگئے توکیا ہوا جنگ توہم جیتے’، بھارت سے میچ میں شکست کے بعد پاکستانی شائقین کے تبصرے
پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025 کے چھٹے میچ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے بھارت کے رافیل لڑاکا طیارے گرائے جانے کے چرچے ہیں۔
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی پاکستانی شائقین مایوس نہ ہوئے اور سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے اور بھارتیوں کو رواں سال مئی کے مہینے میں پاک فوج کے ہاتھوں عبرتناک شکست اور 0-6 یاد دلادی اور کہا کہ میچ جیتے یا ہاریں، جنگ تو ہم جیتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 7 مئی کو بھارت کے 3 رافیل سمیت 6 طیارے مار گرائے تھے جس پر بھارتی فضائیہ کو دنیا بھر میں شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میچ کے بعد ایک پر ایک صارف نے لکھا کہ ‘ بھارتی ٹیم نے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا کیونکہ بھارت ابھی تک پاکستان کی جان سے اپنے رافیل گرائے جانے پر ناراض ہے’۔
ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ہم میچ تو ہار گئے ہیں تاہم ہمیشہ یاد رکھیں کہ رافیل ایک اچھا طیارہ ہے اگر اسے اچھی طرح استعمال کیا جائے’۔
ایک صارف نے بھارتی کپتان کی کیچ کرتے ہوئے تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ ‘ بھائی رافیل پکڑ رہا ہے’۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ میچ بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے سے آپ کے رافیل واپس نہیں آئیں گے۔
معروف ٹی وی میزبان وقار ذکا نےکہا کہ میچ ہارنے پر پریشان ہونےکی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارا کام کرکٹ کھیلنا نہیں ہے ہمارا کام رافیل گرانا ہے۔