واہ کینٹ کے سب سے معروف علمی و ادبی مرکز فیض احمد فیض ہال میں پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کی نومنتخب چیئرپرسن،صحافی و کالم نگار ،ورلڈ جرنلسٹس فیڈریشن کی نائب صدر (خواتین-پاکستان ) محترمہ عفت رؤف اور ان کی ٹیم کے اعزاز میں تقریب اعزاز و یکجہتی کا انعقاد کیا گیا میزبان سیاسی و سماجی شخصیت صدر وطن دوست فورم ملک آصف محمود اور راجہ اعجاز گوہر نے مہمانوں کا پھولوں کے خوبصورت گلدستے پیش کر کے پرتپاک استقبال کیا۔
خطبہ استقبالیہ میں انھوں نے کہا کہ سالہا سال قبل سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جب علمی وادبی تقریبات کے لیے تمام دروازے بند ہو گئے تو انھوں نے فیض احمد فیض ہال کو ادبی بقاء کی خاطر وقف کیا جہاں آج بھی ادبی تقریبات جاری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج تنظیموں کے الحاق کا بھی دن ہے اور ہم تمام تنظیموں کے اشتراک کا اعلان کرتے ہیں تاکہ واہ کینٹ کی فضا سازگار ہو سکے۔
محترمہ عفت رؤف نے اپنی ٹیم کا تعارف کرایا جس میں علی رضا، تمکنت رؤف، زوہیب اعوان، محمد ذیشان، عبد الرافع، ارشد کیانی وغیرہ شامل تھے انھوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کے مسائل اور تربیت پر سنجیدگی سے سوچنے کی ترغیب دی۔
صاحب صدر ملک نجیب الرحمن ارشد نے ببانگ دہل اظہار خیال کیا کہ پدرسری معاشرے میں خواتین کی قیادت خوش آئند ہے پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی ہدف تنقید بنایا جاتا تھا لیکن انھوں نے عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا آج انھی کی طرز پر دیگر جماعتیں خود کو ترتیب دے رہی ہیں۔
بابائے صحافت سید مشتاق حسین نقوی نے اپنے روایتی دبنگ انداز میں محفل پر سحر طاری کر دیا انھوں نے مہمان خصوصی کو خراج تحسین پیش کیا اور خواتین کی ترقی اور قیادت پر اظہار اطمینان کیا۔
تقریب کی نظامت راجا اعجاز گوہر نے کی جبکہ دیگر مقررین میں ایاز کیانی ،جاوید اقبال مرزا،عبدالوحید، ریاض احمد،سیدہ سارہ محمود ،ڈاکٹر شاہد نواز ملک، سیدضیاء حسین شاہ ،عباس مغل اور رفاقت اعوان شامل تھے۔
مقررین نے عفت رؤف کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی وطن دوست فورم کی جانب سے مہمان خصوصی عفت رؤف کو فیض احمد فیض کی تحریر کردہ نظم پر مبنی ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
