پاکستان ہمیشہ زندہ باد

گزشتہ روز بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی گئی جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے جس جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قائدانہ بصیرت کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث بھی ہے۔
گزشتہ رات کو بھارت نے “آپریشن سندور” کے تحت پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بزدلانہ میزائل حملے کیے، جن میں بہاولپور، مظفرآباد، کوٹلی، سیالکوٹ اور مریدکے شامل تھے۔ بھارت کا دعویٰ تھا کہ یہ حملے دہشت گردی کے مراکز پر کیے گئے، لیکن یہ حملے شہری آبادی اور مذہبی مقامات پر کیے گئے ہیں جن میں 26 پاکستانی شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ پاکستان نے ان حملوں کو جنگی اقدام قرار دیتے ہوئے فوری اور موثر اور تگڑا جواب دیا جس نے بھارت کے ہوش اڑا دیئے ہیں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پانچ بھارتی جنگی طیارے، جن میں رافیل، SU-30MKI،، MiG-29 اور ایک ڈرون شامل تھے، مار گرائے۔ اس کے علاوہ، پاکستان آرمی نے بھارتی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور متعدد چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا۔ پاک فوج نے عزم ولولے اور حوصلے کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے بھارت کو ہمیشہ ناکوں چنے چبوائے ہیں پاکستان ایئر فورس نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر بھارت پر اپنی واضح برتری کو ثابت کیا ہے بلا شبہ پاکستان کی افواج خطے میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتی ہے اور پاک فوج کی ان صلاحیتوں کی وجہ سے ازلی دشمن بھارت ہمیشہ ہی سے پاکستان سے ڈرتا ہے
اس ساری صورتحال میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا کردار نہایت اہم ہے انہوں نے نہ صرف فوجی قیادت کو موثر انداز میں منظم کیا بلکہ پوری قوم کو بھی یقین دلایا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کی قیادت میں پاک افواج نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور یہ ثابت کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں “جنگی اقدام” قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے۔ امریکہ، چین، روس اور اقوام متحدہ سمیت کئی عالمی طاقتوں نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
قوم کا اتحاد اور فوج کے ساتھ یکجہتی،پاکستان کی عوام نے اس مشکل وقت میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ سوشل میڈیا پر “ہماری فوج، ہمارا فخر” جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرتے رہے، اور مختلف شہروں میں عوام نے ریلیاں نکال کر فوج کے ساتھ اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔
بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کا پاکستان نے جس موثر اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا، وہ نہ صرف دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہے بلکہ پوری دنیا کے لیے بھی ایک مثال ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاک فوج کی یہ کامیابی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت اور فوجی جوانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے ہماری قوم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، کھڑی ہے، اور کھڑی رہے گی اور ہر ایک پاکستانی کا ہمیشہ سے ہی ایک ہی نعرہ ہے
“پاکستان ہمیشہ زندہ باد “

اپنا تبصرہ بھیجیں