اسلام آباد:ڈیجیٹل اثاثوں اور کرپٹو ریگولیشن کے شعبے میں اہم پیش رفت اُس وقت سامنے آئی جب بائینینس (Binance) کی سینئر قیادت نے پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت عالمی سی ای او رچرڈ ٹینگ کر رہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں پاکستان کی اعلیٰ ترین قیادت سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن اور ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان مستقبل میں ڈیجیٹل اثاثوں (Digital Assets) کے محفوظ، ریگولیٹڈ اور شفاف نظام کی جانب پیش قدمی کرے گا تاکہ سرمایہ کاروں، کاروباروں اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔اس موقع پر پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے اتھارٹی کے جاری اقدامات اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ورچوئل اثاثوں کو عالمی معیار کے مطابق ریگولیٹ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔بائینینس کے وفد نے پاکستانی قیادت کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں خطے کا ایک اہم ملک بن سکتا ہے، اور بائینینس پاکستان کے ساتھ مل کر ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔