
دوحہ (حذیفہ اشرف) قطر کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ قطر اور ترکی کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران سامنے آیا۔پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔قطری وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے ایک مشترکہ حکمتِ عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کے ذریعے دونوں ملکوں میں سکیورٹی کو مضبوط اور سرحدی تناؤ کو کم کیا جا سکے گا۔بیان کے مطابق، یہ معاہدہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد سازی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔خواجہ آصف نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے بعد “افغانستان سے دہشت گردی کے واقعات کا سلسلہ فوری طور پر بند ہو گا” اور دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کریں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فریقین کے درمیان اگلا اجلاس 25 اکتوبر کو استنبول میں منعقد ہو گا، جس میں تفصیلی گفتگو اور فریم ورک پر پیش رفت کی جائے گی۔دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ آئی ایس آئی کے سربراہ اور مشیرِ قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی وفد کا حصہ تھے۔دوسری جانب طالبان وفد کی قیادت افغان وزیرِ دفاع ملا یعقوب نے کی اور ان کے ساتھ انٹیلی جنس کے سربراہ مولوی عبدالحق وثیق بھی موجود تھے۔