ٹی چوک فلائی اوور دسمبر کے اوائل میں کھولنے کا اعلان

اسلام آباد کے 3میگا عوامی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں، ٹی چوک فلائی اوور، شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج ری ماڈلنگ پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور، شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج پراجیکٹس کا دورہ کر کے تینوں منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے تینوں منصوبوں کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا اور فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک روانی کو مزید بہتر بنانے کیلئے لوپ ون اور لوپ ٹو کو تین لین کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے پراجیکٹس کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے دونوں اطراف لینڈ سکیپنگ اور لائٹس لگانے کی ہدایت بھی جاری کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ،چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو تینوں منصوبوں پر پیشرفت بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا تقریبا 80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ، دسمبر کے اوائل میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کے پائلز کیپ اور گرڈرز کاسٹنگ کا 100فیصد جبکہ حفاظتی دیواروں کا 75فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے